ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عبدالجلیل کروپاڈی کے قتل میں ملوث سنگھ پریوار سے وابستہ قاتل گرفتار

عبدالجلیل کروپاڈی کے قتل میں ملوث سنگھ پریوار سے وابستہ قاتل گرفتار

Sat, 29 Apr 2017 21:35:11    S.O. News Service

منگلورو 29؍اپریل (ایس او نیوز) کروپاڈی گرام پنچایت نائب صدرعبدالجلیل کا گرام پنچایت دفتر میں ہی جس طرح  بے رحمانہ قتل کیا گیا تھا، اس ضمن نے پولیس نے سنگھ پریوار سے وابستہ قاتلوں کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالجلیل نے کچھ عرصہ قبل ایک ہندو لڑکی اور مسلم لڑکے کے معاشقے میں لڑکے کی جو حمایت کی تھی، اس پر سنگھ پریوار کے یہ کارکن چراغ پا تھے اور جلیل سے بدلہ لینے پر آمادہ ہوئے تھے۔اس کے علاوہ عبدالجلیل کی مقبولیت سے بھی وہ حسد کرنے لگے تھے۔اس معاملے میں پتور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے ان ملزموں کی شناخت پراجول، پشپا راج گوڈا، روشن،سچن ، پنیت،کروپاڈی کے راجیش نائک اور مانی کے نرسمہا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

قتل کی واردات کے بعد خبر یہ مشہور ہوئی تھی کہ قاتل دو موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور واردات انجام دینے کے بعد کیرالہ کی طرف فرار ہوگئے تھے۔ اس وجہ سے گمان کیا جارہا تھا کہ ملزم  کا تعلق کیرالہ سے ہوگا ۔ اسی لئے پولیس کی دو خصوصی ٹیمیں ملزموں کی تلاش میں کیرالہ بھیجی گئی تھیں۔اسی دوران دو روز قبل بنٹوال کے مختلف علاقوں سے جھاڑیوں میں لاوارث پڑی ہوئی بغیر نمبر پلیٹ والی دو موٹر سائیکلیں، کچھ خون آلود کپڑے اورچھوٹی تلواریں پولیس نے بر آمد کی تھیں۔جانکاروں کا کہنا تھا کہ یہ بغیر نمبر والی موٹر سائیکلیں بہت ہی پرانی اور گجری کی قیمت والی ہیں، اور پولیس کو گمراہ کرنے کے لئے اسے جھاڑیوں میں ایک ہی جگہ پر چھوڑا گیا ہے۔ جبکہ قاتلوں کے بارے میں ابتدائی پولیس رپورٹ یہ تھی کہ وہ لوگ نئی موٹر بائک استعمال کررہے تھے اور دو مختلف راستوں سے فرار ہوئے تھے۔ 

بہرحال پولیس کے بیان کے مطابق اس نے دستیاب شواہد کے سہارے مذکورہ بالا ملزمین کوعبدالجلیل کا قتل انجام دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔


Share: